حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ کعبی کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
"وَمَن یَقْتُلْ مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهُ جَهَنَّمُ خَالِدًا فِیهَا وَغَضِبَ اللّهُ عَلَیْهِ وَلَعَنَهُ وَأَعَدَّ لَهُ عَذَابًا عَظِیمًا" (سورہ نساء، آیت 93)
دہشت گرد تکفیری عناصر، جو غزہ اور لبنان میں صہیونی مظالم کے ہم نوا ہیں، نے پاکستان کے علاقے پاراچنار میں بے گناہ بچوں، خواتین، اور مظلوم شیعہ عوام کو بے دردی سے قتل کیا اور اس قتل عام نے نہ صرف شیعوں بلکہ تمام پاکستانی مسلمانوں اور دنیا کے آزادی پسندوں کے دلوں کو دکھی کر دیا ہے۔
تکفیری گروہ اسلامی امت کے لیے ایک مہلک بلا ہیں، جو اتحاد و بیداری اسلامی کے لئے بڑی رکاوٹ ہونے کے ساتھ اور اسلام دشمنوں، انسانیت دشمنوں اور صہیونی مجرموں کے ہمنوا ہو کر عالمی مقاومت کے قیام میں بھی رکاوٹ ہیں۔ یہ گروہ قتل و غارت، نفرت، اور شیطانی سازشوں کا آلہ کار ہیں۔
ان مجرموں کے خلاف فوری اور سخت کاروائی، ان کی گرفتاری اور انہیں سزا دینا اور پاکستان میں مسلمانوں کی سلامتی اور اتحاد کا تحفظ تمام مسلمانوں کا مشترکہ مطالبہ ہے۔ خاص طور پر پاراچنار کے مظلوم عوام کی جان، مال، اور عزت کی حفاظت کے لیے پاکستانی حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ علاقے میں امن بحال ہو سکے۔
ہم اس سانحہ پر پاراچنار کے مظلوم عوام کی خدمت میں دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور تمام متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور اس دہشت گردانہ جرم کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہم پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے جرائم کے دوبارہ رونما ہونے کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
آج کے دور میں دانشمندی، اتحاد، اور امت مسلمہ کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینا سب حکومتوں، قوموں اور بالخصوص اہلِ علم اور دانشوروں کی اہم ذمہ داری ہے تاکہ امت میں اتحاد و وحدت کو مضبوط کیا جا سکے اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ولا حول ولاقوة الا بالله العلی العظیم وسیعلم الذین ظلموا ای منقلب ینقلبون
اتوار، 24 نومبر 2024ء
قم المقدسہ، عباس کعبی